کوئٹہ :لاپتہ افراد کمیشن وفد کا بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ کا دورہ

 


 کوئٹہ  : ایسی رپورٹ بنائیں گے جس سے بلوچ لاپتہ افراد کا مسئلہ مکمل حل ہوجائے،   یہ بات 

 وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں پارلیمانی کمیشن کے سربراہ سردار اختر مینگل نے خطاب کرتے ہوئے  کہی ہے ۔ انھوں نے کہا  ہے کہ 25 دسمبر تک لاپتہ افراد کے حوالے سے اپنی رپورٹ بنا کر پارلیمنٹ میں پیش کریں گے، اور ایسی رپورٹ بنانا چاہتے ہیں جس سے بلوچ لاپتہ افراد کا مسئلہ مکمل حل ہوجائے۔


اس موقع پر  نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سینئر رہنما افراسیاب خٹک نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا کی شکایات کی انکوائری اور تحقیقات کے لیے بنائے گئے کمیشن کے وفد کے ہمراہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ کا بھی وفد کے ہمراہ  دورہ  کیا۔


انھوں  نے اپنے خطاب میں کہا کہ  جیسے کہ اختر جان مینگل  نے آپ لوگوں کو بتایا کہ ہم کمیشن کے وہ لوگ ہیں جن کو عدالت نے بھیجا، اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طالب علموں کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ بلوچ طلبہ کو تعلیمی اداروں میں ڈرایا جارہا ہے، اغوا کیا جارہا ہے، جس پر عدالت نے نوٹس لیا اور عدالت نے کہا کہ آپ لوگ اس کا پتہ چلائیں، ہم نے سوچا کہ یہ صرف بلوچ طلبہ کا مسئلہ نہیں یہ سارے بلوچستان کا مسئلہ ہے، اس لیے ہم آپ لوگوں کی خدمت میں آئے ہیں ۔ 


انھوں نے کہاکہ  آپ لوگوں نے اپنی درد بھری باتیں سنائیں، یہ بڑی درد ناک باتیں ہیں، یہ کہنا بڑا آسان ہے کہ جب ہمیں آپ سے کہتے ہیں کہ صبر کریں، ہمیں پتہ ہے کہ صبر کرنا کتنا مشکل ہے۔ 


افراسیاب نے کہاکہ جس کے بچے لاپتہ ہوجائیں وہ کیا صبر کریں گے، یا کسی کے ماں، باپ یا بھائی ان لوگوں کیلئے یہ بڑے دکھ کی باتیں ہیں، یہ جو چھوٹی بچی نے باتیں کہیں اس سے ہمیں بھی یہ حوصلہ ملا ہے ، اس نے کہا کہ میں کسی کو چھوڑوں گی نہیں، دنیا کی ہر جگہ جاﺅں گی انصاف کیلئے، ظاہر ہے ہمارے پاس حکومت نہیں اور ہم کہیں کہ ہم یہ کردیں گے وہ کردیں گے، اس کمیشن میں ہم نہیں بھی تھے تو ہم لوگ آپ کے ساتھ تھے، ہم اس وقت تک آپ لوگوں کے ساتھ ہوں گے جب تک آپ کے پیارے بازیاب نہیں ہوجاتے۔


انھوں نے کہاکہ  بلوچستان میں جب ہم آئے ہیں یہ صحیح ہے کہ ہم زیادہ عرصہ یہاں نہیں رہ سکتے، ہم یہاں جلسہ کرنے نہیں آئے، صرف ایک موضوع ہے مسنگ پرسنز، ہم وکلاءسے ملیں گے ان سے بھی کہیں گے کہ کیسے ان کو تلاش کریں،ہم حکومت کے لوگوں سے بھی ملیں گے اور صرف ایک موضوع ہے مسنگ پرسنز، چاہے فوجی ہے، عدالت ہے صرف ایک موضوع ہے مسنگ پرسنز۔ہم اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں رکھیں گے، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم اپنی رپورٹ جلد عدالت میں پیش کریں گے۔


اس موقع پر کمیشن کے اراکین کو بلوچی چادر پہنائی گئی۔


اس موقع پر این ڈی ایم کی بلوچستان کے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین احمد جان، سیکرٹری اطلاعات انجینئر ایمل خان ناصر اور پارٹی کے دیگر ساتھی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post