بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اوتھل زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد شہزاد بلوچ زونل صدر اور. بشیر بلوچ زونل جنرل سیکرٹری منتخب

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اوتھل زون کا جنرل باڈی اجلاس زونل نائب صدر حمیدہ بلوچ کے زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ اور مرکزی انفارمیشن سیکرٹری عارف بلوچ بطور مہمان خاص شریک ہوئے۔ اجلاس میں مرکزی سرکولر، سابقہ رپورٹ، تنقیدی نشست، تنظیمی امور اور عالمی و علاقائی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا ، جس میں شہزاد بلوچ صدر، سدرہ بلوچ نائب صدر، بشیر بلوچ جنرل سیکریٹری، علی حیدر بلوچ ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور شوکت بلوچ بطور زونل انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوئے۔ مرکزی عہدیداران نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور کابینہ نے تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے کےلیے ہر ممکن کوشش کا اعادہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن شبیر بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان آج تاریخ کے ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں بلوچ قوم کو مختلف مصائب اور مشکلات کا سامنا ہے۔ بلوچستان میں جاری بے یقینی کی اس کیفیت کے باعث بلوچ نوجوان معاشرتی بگاڑ اور بے راہ روی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بلوچستان میں منشیات کا منظم پھیلاؤ وقت کے ساتھ تیز تر ہوتی جا رہی ہے اور نوجوان نسل ہی اس عمل سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ نوجوان طبقہ مختلف سماجی اور معاشرتی بگاڑ کا مرتکب ہونے کا بنیادی سبب تعلیمی اداروں کا قلیل تعداد میں میسر ہونا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں تعلیمی نظام نہایت ہی مخدوش اور زبوں حالی کا شکار ہیں۔ بلوچستان کا شمار ایک ایسے خطے کے طور پر کیا جاتا ہے جہاں خواندگی کی شرح نہایت ہی کم ہے۔ اعلی تعلیمی ادارے نہایت ہی قلیل اور محدود تعداد میں موجود ہیں لیکن یہ تعلیمی ادارے بھی ابتر اور زبوں حالی کا شکار ہیں۔ بلوچستان کے بیشتر ادارے اس وقت تعلیمی اداروں سے زیادہ چھاؤنی کی شکل اختیار کر چکے ہیں اور طالبعلموں کو معیاری تعلیم میسر کرنے سے قاصر ہیں۔ معروضی قومی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں علم اور شعور کےلیے جدوجہد جاری رکھنی ہو گی اور ہر اس سازشی عناصر کا ادراک رکھنا ہو گا جو ہمیں تعلیم سے دور رکھنا چاہتا ہو۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری عارف بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی روز اول سے طلبا کے حقوق کےلیے جدوجہد جاری کر رہی ہے۔ بلوچ طلبا کے ترجمان کی حیثیت سے ہماری کوشش رہی ہے کہ طالبعلموں کے درمیان سیاسی اور شعوری مباحثوں کا آغاز کر سکیں جسکے بدولت تنظیمی سرکلنگ کا آغاز کیا گیا اور نوشت کی شکل میں ایک ایسا سیاسی لٹریچر ترتیب دینے کےلیے جدوجہد کی گئی، جو بلوچ نوجوانوں کو علمی و شعوری حوالے سے مزید محکم بنا سکے۔ اوتھل زون اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے ہفتہ وار سرکلز میں کسی قسم کی کوتاہی و کمزوری نہ دکھائے اور نوشت کے تمام تر آرٹیکلز کا مطالعہ تمام ممبران اپنا معمول بنائیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post