اکتوبر 15 کو بلیدہ میں انتظامی دفاتر کے سامنے انتظامیہ کی نااہلی اور چوروں کی پشت پناہی کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا ۔ عوامی جرگہ

کیچ : بلیدہ زامران میں بڑھتی ہوئی چوری ڈکیتی اور بدامنی کے خلاف محمد اسلم بلیدئی کی رہاشگاہ پر ایک ہنگامی جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں علاقائی عمائدین نے بھر پور انداز میں شرکت کی۔ جرگے میں موجود شرکاء نے بلیدہ زامران میں امن و امان کی گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کی پوری ذمہ داری حکومت وقت اور نااہل انتظامیہ پرعائد کرتے ہوئے علاقے میں سرگرم بدنام زمانہ مسلح جتھوں کے زیر نگرانی چوری اور ڈکیتی کے واقعات کے خلاف بھرپور اور بروقت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے انتظامیہ کی ان جتھوں کے خلاف کاروائی میں دلچسپی نہ لینے کو ان جتھوں کی براہ راست سرکاری سرپرستی کے مترادف قرار دیا۔اور کہاکہ اگر حکومت کی بلواسطہ یا بلا واسطہ ان چوروں کی سرپرستی جاری رہی تو اہلیان بلیدہ اپنی بھر پور جمہوری احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ جرگے میں موجود شرکاء نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت وقت کو متنبہ کرتے ہوے کہا کہ اگر دو تین دنوں کے اندر اندر ان ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کاروائی نہ کی گئی تو بلیدہ زامران کے باشعور عوام ہزاروں لوگوں کے ساتھ مل کر اکتوبر کی 15 تاریخ کو بلیدہ میں انتظامی دفاتر کے سامنے انتظامیہ کی نااہلی اور چوروں کی پشت پناہی کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post