تربت : جامعہ میں ا ساتذہ ، ملازمین اور طلباء کی زبان بندی کرکے انہیں آواز اٹھانے سے ڈرایا جارہا ہے۔ بی ایس او

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے تربت جامعہ میں تنظیمی رہنماؤں کے ساتھ انتظامیہ کی رویے کو جابرانہ قرار دیتے ہوئے اسے انتظامیہ کی جانب سے اپنی کرپشن اور اقرباء پروری چھپانے کا طریقہ کار کہا ہے۔ ترجمان بی ایس او نے کہا ہے کہ جامعہ تربت کو مخصوص ایجنڈوں کی تکمیل کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔انتظامی پوسٹوں پر نااہل لوگوں کی تقرریوں اور کرپشن نے تربت یونیورسٹی جیسے بڑے تعلیمی کو انتظامی و مالی بحران کا شکار بنادیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ جامعہ کے اندر بے شمار تعلیمی مسائل جنم لے چکے ہیں۔طلباء کو آواز اٹھانے کی پاداش میں ڈراپ آؤٹ کرانے کی دھمکی دی جاتی یے جبکہ اپنے ہی اساتذہ اور ملازمین کی زبان بندی کرکے انہیں آواز اٹھانے سے ڈرایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ آج تنظیم کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات،رکن مرکزی کمیٹی سمیت تربت زون اور یونیورسٹی یونٹ کے ذمہ داران جب انتظامیہ سے ملاقات اور طلباء کو درپیش مسائل سے آگاہ کرانے کیلیے جارہے تھے تو انتظامیہ نے گھبراہٹ میں مبتلاء ہوکر پہلے ہی سے گیٹ پر سیکورٹی کی بھاری نفری تعنیات کردی۔ تنظیمی رہنماؤں کی پہنچتے ہی یونیورسٹی کے تمام گیٹ بند کردیے گئے جبکہ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلباء کو بھی باہر اور اندر جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ یونیورسٹی کے چیف سیکورٹی نے تنظیمی رہنماؤں ایف سی سمیت دیگر فورسز بلانے اور ان پر لاٹھی چارج کرانے کی دھمکی کے علاوہ چیف سیکورٹی سمیت دیگر سیکورٹی اسٹاف کےذمہ دار گیٹ پر تنظیمی رہنماؤں کے ساتھ بدسلوکی کرتے رہے۔ ترجمان بی ایس او نے کہا ہے کہ جب تنظیمی ذمہ داران نے وائس چانسلر کو فون کرکے روکنے کی وجہ پوچھا تو انہوں نے اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ سیکورٹی انتظامیہ نے تنظیمی ذمہ داران کو مسلسل ایک گھنٹے تک روک کر ہراساں کیا گیا ۔ بعد ازاں انتظامیہ کی رویے کہ خلاف تربت یونیورسٹی کے طالبعلموں نے گیٹ پر جمع ہو کر احتجاج کیا، جس کے دباؤ میں آکر گیٹ کھول دیا گیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنی کرپشن اور نااہلی کو چھپانے کیلئے اسطرح کے گھناونے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔طلباء کی شعوری سرکلنگ اور تعلیمی پروگرامات پر قدغن لگاکر انتظامیہ یونیورسٹی کو تباہی کی طر دھکیلنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی بھی صورت میں اپنے تعلیمی اداروں کو یرغمال ہونے نہیں دینگے۔ انتظامیہ اپنا قبلہ درست کرکے جابرانہ پالیسوں اور کرپشن سمیت لوٹ کھسوٹ سے باز آئے ورنا تنظیمی سطح پر ایک موثر اور جامعہ حکمت عملی ترتیب دیکر شدید احتجاج کی جائیگی۔ ترجمان نے چیف سیکورٹی تربت یونیورسٹی کی فوری معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی رویے کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post