کوہلو ( نذر قلندرانی سے )ضلع کوہلو کے علاقے ماکوڑی میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے کریم دین، ثنااللہ ،سراج احمد و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 تاریخ کو تحصیلدار جلال اور لیویز نائب رسالدار اسلم نے ماکوڑی میں سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے راشن و دیگر سامان ایک مخصوص شخص کے حوالے کرکے راشن و دیگر سامان سیاسی بیس پر تقسیم کئے ہیں ۔ جس کی وجہ سے اصل متاثرین پی ڈی ایم اے اور حکومتی ریلیف و امداد سے محروم رہیں۔
ماکوڑی میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ ہونے والے خاندانوں کا مزید کہنا تھا کہ راشن تقسیم کے دوران جب ہم تحصیلدار اور مزکورہ شخص کے پاس راش لینے گئے تو انہوں نے ہمیں راشن دینے سے صاف انکار کردیا اور کہا کہ آپ لوگوں نے جس کو ووٹ دیئے ہیں جاؤ وہ لوگ آپ کو راشن دیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مزکورہ بااثر شخص نے ہمیں دھمکیاں بھی دی کہ تحصیلدار ہوں یا کوئی اور میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
بارشوں سے متاثر ہونے والے مکینوں نے اعلئ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماکوڑی میں بارشوں سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو فوری امدادی ریلیف فراہم کرکے مذکورہ آفیسر کیخلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔
آپ کو علم ہے حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ضلع کوہلو بھی شدید متاثر ہوا ہے تاہم سیلاب سے متاثر ہونے والے ہزاروں خاندان حکومتی ریلیف و امداد کے منتظر ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ راشن و دیگر سامان مقامی انتظامیہ من پسند اور بااثر افراد کے درمیان تقسیم کر رہا ہے جس کی وجہ سے متاثرین کو شدید غم و غصہ ہے ۔
