چھتر میں فائرنگ سے بچی سمیت دو افراد ھلاک پانچ زخمی، ماشکیل اور ناگ میں فائرنگ سے ایک ھلاک ایک زخمی ، پنجگور دو چور گرفتار

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے گوٹھ موندر نزد شہنشاہ تحصیل چھتر میں سوئے ہوئے افراد پر جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کر دی ، واقعے کے بعد حملہ آور رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں محکمہ صحت نصیر آباد کے سینئر پیرا میڈیکس عبدالطیف کے چھوٹے بھائی سمندر خان ولد رئیس پنجا خان اور ایک 8 سالہ رشتہ دار بچی شبیلہ ھلاک جبکہ دیگر 5 افراد زخمی ہو گئے ، جن میں عبدالطیف کے دو بھتیجے احمد علی اور امجد علی شامل ہیں چھتر پولیس نے ہلاک اور زخمیوں کو ڈویژنل ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے شعبہ حادثات پہنچا دیا ۔ جہاں ڈاکٹر رشید عمرانی نے میڈیکل سپرنٹڈنٹ ڈاکٹر ایاز حسین جمالی کی نگرانی میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی زخمیوں میں دو بہنوں نور جہاں اور شنیلا بنت محمد شریف سمیت 5 زخمیوں کو ایم ایس ڈاکٹر ایاز نے اپنے ذاتی خرچے پر مزید علاج معالجے کیلئے لاڑکانہ ریفر کر دیا ۔ علاوہ ازیں تحصیل ماشکیل بچرائی بارڈر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلال احمد ولد پیر محمد ھلاک ہو گئے ۔ نعش سول اسپتال ماشکیل منتقل کر دیا گیا جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ دریں اثناء واشک، ناگ رخشان کے علاقے چھکول کے مقام پر چوروں نے ماسٹر ثناء امین ولد امین جان کے بکریوں کو چوری کرنے کی ناکام کوشش کی، اسی دوران ماسٹر ثناء امین اور ان کے بھائی غلام قادر امین کو چوری کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملنے پر دونوں بھائی جائے واردات پہنچ گئے اور بڑی بہادری سے ڈنڈوں سے چوروں کا مقابلہ کیا ، مزاحمت کے دوران چوروں نےگولی چلائی ، گولی لگنے سے غلام قادر امین شدید زخمی ہو گئے زخمی ہونے کے باوجود دونوں بھائیوں نے جوان مردی سے مقابلہ کرکے چوروں سے ایک پسٹل، ایک موبائل فون چھین لیا اور چوری کی کوشش کو ناکام بنا د یا۔ چور رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ،لیویز انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر شدید زخمی شخص کو ناگ آر ایچ سی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پنجگور پولیس کی کامیاب کاروائی دو ملزمان گرفتار پنجگور پولیس کی ملزمان کے خلاف کامیاب کاروائی دو ملزم دوست جان ولد میر محمد سکنہ ناگ ڈسٹرکٹ واشک اور عبدالغفور ولد میر محمد سکنہ ناگ ڈسٹرکٹ واشک کو گرفتار کرلیا ، اور ملزمان کے قبضے سے ایک عدد M4 American رائفل بمعہ میگزین اور زند روند اور ایک عدد 9MM پسٹل بمعہ میگزین اور زندہ روند برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ فرد نمبر 149/2022 بجرم زیر دفعہ 13/E Arms Act درج رجسٹر کیاگیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post