معروف بھارتی گلوکار”کے کے“کی اچانک انتقال

انڈیا کے معروف گلوکار کرشنا کمار کنتھ (کے کے) جنھوں نے گذشتہ تین دہائیوں میں بالی وڈ فلموں کے لیے متعدد مقبول گانے گائے 53 برس کی عمر میں کلکتہ میں اچانک وفات پا گئے ہیں۔ انھیں کلکتہ میں ایک کالج کے فنکشن میں مدعو کیا گیا تھا اور اس لائیو پرفارمنس کے دوران بھی انھوں نے طبیعت کی ناسازی کے شکایت کی تھی۔ منگل کی شام اسی لائیو پرفارمنس سے واپسی پر انھیں ایک نجی ہسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں تین ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔ ان کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ وزیرِ مملکت اروپ بسواس جو فوری طور پر ہسپتال پہنچے تھے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے کے کی وفات کی تصدیق کی۔ انھوں نے ہسپتال کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈاکٹروں کا ابتدائی اندازہ یہی ہے کہ کے کے دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم ان کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے اس بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب میں دفتر سے گھر پہنچا اور اطلاعات کے مطابق کے کے کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔‘ کے کے نے متعدد زبانوں کی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا جن میں تمل، تیلوگو، کناڈا، مالایالم، مراٹھی، بنگالی، ہندی اور گجراتی فلمیں شامل ہیں۔ وہ کلکتہ میں گوروداس کالج میں ایک لائیو پرفارمنس کے لیے آئے ہوئے تھے تاہم اس پرفارمنس کے دوران ہی اچانک ان کی طبیعت ناساز ہوئی اور وہ واپس ہوٹل چلے گئے۔ ہوٹل کے باہر موجود ان کے مداحوں نے جب ان کے ساتھ تصویر بنانے کی خواہش ظاہر کی تو انھوں نے طبیعت کی ناسازی کے باعث انھیں منع کر دیا۔ اس دوران جب ان کی طبیعت مزید خراب ہوئی تو انھیں ایک نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ان کی وفات وہاں پہنچنے سے پہلے ہی ہو چکی تھی۔ کے کے نے بالی وڈ کی متعدد فلموں کے لیے گانے گائے جن میں ’تڑپ تڑپ کے اس دل سے‘، ’آنکھوں میں تیری‘، ’کیا مجھے پیار ہے‘ اور دیگر متعدد مقبول گانے شامل ہیں۔ انھوں نے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز ’ہم دل دے چکے صنم‘ سے بطور پلے بیک سنگر کیا۔ کے کے مقبول گلوکار اور کمپوزر کشور کمار کے بیٹے امت کمار کے بہت قریبی دوست تھے۔‘ امت کی بیوی ریما گنگولی نے فیس بک پر ایک پیغام میں کے کے کی وفات کا اعلان کیا۔ انڈیا کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے کے کے کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایک تعزیتی ٹویٹ کیا ہے۔ انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’گلوکار کرشنا کمار کنتھ کی اچانک موت پر دکھ ہے۔ ان کے گانوں میں جذبات کی مختلف انداز میں عکاسی ہوتی تھی اور ان کے گانے ہر عمر کے افراد کو متاثر کرتے تھے۔ ’وہ اپنے گانوں کی وجہ سے ہمیشہ تاریخ کے پنوں میں رہیں گے اور یاد رکھا جائے گا ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post