بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ واقعہ گذشتہ رات پیش آیا جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات دس بجے کے بعد نامعلوم افراد نے تمپ کے علاقے پل آباد میں فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے حملہ کرکے فورسز کو نقصان پہنچایا۔ حملے کے بعد فورسز کی مزید نفری علاقے میں پہنچی تاہم حملہ آور فرار ہوگئے۔
حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔ مذکورہ علاقے میں اس سے قبل بلوچ مسلح آزادی پسندوں کیجانب سے مختلف نوعیت کے حملوں میں فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
دریں اثناء کوئٹہ کے پہاڑی سلسلے کوہ مہردار اور گردنواح میں فوجی ہیلی کاپٹروں کو فضاء میں دیکھا گیا تاہم حکام نے اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا۔
واضح رہے گذشتہ دنوں کوئٹہ کے نواحی علاقوں زرغون، ولی تنگی میں پاکستان فوج کیجانب سے وقفے وقفے سے فوجی آپریشن جاری رہی، اس دوران ولی تنگی سے آٹھ افراد کو حراست میں لیکر فورسز اہلکاروں نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ مذکورہ افراد پشتون قومیت سے تعلق رکھنے والے مالدار تھے، دوران آپریشن متعدد مویشی ہلاک ہوئیں جبکہ کئی مویشی اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے۔ اسی طرح زرغون کے پہاڑی سلسلے میں دو کمسن لڑکوں کو بھی فورسز اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے جن کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے۔