کراچی ( نامہ نگار ) کراچی میں بدھ کی شام تیز ہوائوں کے ساتھ شروع ہونے والی پری مون سون بارش کے دوران محمود آباد، چنیسر گوٹھ، ملیر ملت ٹائون، موسمیات چورنگی کے قریب گلشن عریشہ اور گلستان جوہر بلاک 10 چشتی نگر کے مقامات پر دیواریں گرنے سے ایک مرد، تین بچوں سمیت 4 افراد جان سے گئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ واقعات کے مطابق محمود آباد اشرف کالونی کے قریب گھر کی دیوار گرنے 12سالہ دلیپ ولد راجو ہلاک ہوگیا۔سچل کے علاقے گلشن عریشہ میں مکان کی دیوار گرنے سے 55 سالہ سید طارق علی ولد نثار علی جاں بحق جبکہ 40 سالہ کامران ولد احمد علی شدید زخمی ہوگیا۔متوفی اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں بھی دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ دریں اثناء شہر میں کچھ دیر کی بارش نے بجلی کا نظام درہم برہم کر دیا، بارش تھمنے کے باوجود کئی علاقے بجلی سے محروم رہے، رضویہ کی حدود عثمانیہ سوسائٹی، منگھوپیر، پٹھان کالونی، پیرآباد، میٹروول، قصبہ کالونی ، کورنگی، لانڈھی ، لائنز ایریا، صدر، بزرٹہ لائن سمیت دیگر علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی ، مسلسل بجلی کی بندش کے باعث علاقه مکینوں کو شدید پریشانی کا سامناکرنا پڑا۔ مزیدبرآں محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 38 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں22 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اولڈ ائیر پورٹ میں15 ملی میٹر،فیصل بیس میں 8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، قائد آباد میں 6ملی میٹر،گلشن معمار میں 4.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،یونیورسٹی روڈ میں 5.8ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 2.7ملی میٹر، مسرور بیس میں 2ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، اب تک سب سے کم بارش سرجانی ٹاؤن میں 1.7ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، شہر میں بارش سے قبل آندھی کے دوران چلنے والی ہوا فیصل بیس میں 91 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی، جناح ٹرمینل اور مسرور بیس میں 84 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں، شہر میں ایک گھنٹہ میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ریکارڈ کی گئی