حاجی لشکری کی لاپتہ افراد کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی

کوئٹہ (نامہ نگار ) سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے عید الفطر سادگی سے مناتے ہوئے عید کے پہلے روز کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوکر متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ترجمان سراوان ہاﺅس کے مطابق سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، نوابزادہ میر اسد جان رئیسانی اورنوابزادہ میر سخی بخش رئیسانی نے عید الفطر کی نمازسراوان ہاﺅس کوئٹہ میں ادا کی۔ اس موقع پر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے معتبرین، سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد نے سراوان ہاﺅس میں نماز عید ادا کی۔ بعد ازاں سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی بلوچستان کے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے جہاں پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ عید کے تینوں روز سراوان ہاﺅس میں شہریوں کا تانتا بندھا رہا کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگرعلاقوں سے آنے والے شہریوں نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے ملاقات میں انہیں عید کی مبارکباد دی

Post a Comment

Previous Post Next Post