بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں قبائلی تصادم،دکی میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے اورگڈانی میں روڈ حادثے سے 4 افرادہلاک ہوگئے۔
جھل مگسی پولیس ذرائع کے مطابق گنداواہ پولیس ایریا میں لاشاری قبیلے کے دوگرہوں کھنجانی لاشاری اور جودھانی لاشاری قبیلوں کے درمیان زمین کے تنازع پر فائرنگ سے 2 افرادہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں اطراف سے دو آدمی ہلاک ہوئے ہیں۔
کھنجانی لاشاریوں کی جانب سے محمدآصف کھنجانی لاشاری جبکہ جودھانی لاشاری قبیلہ کی جانب سے محمد نواز جودھانی لاشاری ہلاک ہوئے۔
پولیس علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے دونوں افراد کیخلاف چھاپے مار رہی ہے۔
آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دوسری جانب دکی میں مقامی کوئلہ کان میں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے ایک کان کن ہلاک ہوگیا۔
مائنز ذرائع کے مطابق ہلاک کانکن کی شناخت محمد نعیم ولد محمد نبی قوم سلیمان خیل کے نام سے ہوگئی۔
لاش سول ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔
ہلاک کانکن کا تعلق دکی سے ہے۔
دریں اثناگڈانی کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔
ایدھی ذرائع کے مطابق حب کے قریب گڈانی پولیس کی حدود میں ڈی جی سیمنٹ فیکٹری کے قریب موٹر سائیکل سوار 35 سالہ مہراللہ ولد محمد عیسیٰ کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے گڈانی رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیاجہاں گڈانی پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردیا۔
