کراچی میں عید کے دو روز کے دوران درجنوں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے.کہیں موٹر سائیکل سواروں نے جان لیوا کرتب دِکھائے تو کہیں رکشہ ڈرائیور ٹریفک قوانین کو خاطر میں نہ لائے۔عید پر موٹر سائیکلوں کے جان لیوا حادثات کی بات کریں تو یہ حادثات ماڑی پور، پہلوان گوٹھ، جیل چورنگی، یونیورسٹی روڈ، لیاقت آباد، اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ، ناردرن بائی پاس، کٹی پہاڑی اور دیگر علاقوں میں ہوئے جن میں 8 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ سپر ہائی وے پر تیز رفتار کار الٹنے سے ایک بچہ ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا۔ڈیفنس فیز 08 خیابان اقبال میں ٹریفک حادثے میں ایک مرد ہلاک اور خاتون زخمی ہوئیں۔کٹی پہاڑی پر ٹریفک حادثے میں 2، بلدیہ ٹاؤن میں ایک جبکہ حب چوکی حادثے میں 2 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔اس کے علاوہ شارع فیصل گورا قبرستان اور مواچھ گوٹھ میں مسافر بسیں اُلٹنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا