تربت (نامہ نگار ) حق دو تحریک بلوچستان ضلع کیچ کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں آج بروز منگل کو 5ویں روز بھی ڈپٹی کمشنرکیچ کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری رہا۔ دھرنا کی نگرانی حق دو تحریک کیچ کے کنوینر صادق فتح، وسیم زامرانی، مولانانصیراحمد اور یعقوب جوسکی کررہے ہیں۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنے مطالبات ڈپٹی کمشنر کو دیئے ہیں کہ دشتک سنگاوان میل نمبر 193، جالگی بارڈر، گریبن زامران، کور دپ بارڈرمیلن مبر189، مند چوکآپ بارڈر، دشت کھیر توک بارڈر اور گروک روڈ کھول کوفی الفور کھول دیا جائے۔ ایران سے تمام خوردو نوش اشیا لانے کی اجازت دی جائے. تمام کاروباری گاڑیوں کو بغیر لیسٹنگ کے صرف شناختی کارڈ کی بنیاد پر آنے جانے کی اجازت دی جائے۔ اور صرف شناختی کارڈ چیک کر کے آنے جانے کی اجازت دی جائے۔ تعلیمی اداروں، مساجد، پارک، اور ہسپتالوں اور آبادیوں کے اندر قائم چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔ ایران اور پاکستانی سرحد کے دونوں جانب آبادبلوچ ہیں، دونوں کی آپس میں رشتہ داریاں لہذا دونوں جانب کے لوگوں کو آمدورفت کی اجازت دی جائے۔حق دو تحریک کے رہنماں نے مزید کہاکہ سی ٹی ڈی کے نام پر طلبا اور نوجوانوں کو لاپتہ کرنا اوران پر جعلی مقدمات قائم کرنا ظلم ہے لہذا اس سلسلے کو بند کیا جائے۔