بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں میٹروپولیٹن ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجاً کچرے سے بھری گاڑیاں میٹروپولیٹن آفس کے سامنے کھڑے دیں۔
تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ڈیلی ویجز ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجاً شہر بھر کے کچرے سے بھری گاڑیاں میٹروپولیٹن آفس کے سامنے کھڑی کردیں اور میٹروپولٹن کارپوریشن کا مین گیٹ بند کردیا۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں اور مستقل ملازمین بھی ایک ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین سے کام لیاجاتاہے لیکن تنخواہ ادا نہیں کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کام چھوڑ ہڑتال کی تو شہر ایک دن میں گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوجائے گا۔
ملازمین کی جانب سے احتجاج کے موقع پر ٹریفک بھی جام ہوگئی جبکہ انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا