یوکرین میں حملے کے بعد اب یوٹیوب نے بھی روس کے سرکاری میڈیا آؤٹ لیٹ ‘آر ٹی’ اور دیگر تمام ٹی وی چینلز پر ویڈیوز کے ذریعے اشتہارات کی آمدنی کو روک دیا۔
اس سے قبل فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل نے روس پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد اب یوٹیوب نے بھی اشتہارات سے پیسے کمانے پر پابندی لگادی ہے۔
فیس بک اور ٹوئٹر نے روس پر پابندی عائد کردی
یوٹیوب کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کمپنی نے فی الحال موجودہ صوتحال کے پیشِ نظر روسی چینلز سمیت متعدد چینلز پر یوٹیوب پر ویڈیوز کی مونیٹائزیشن روک دی ہے جس کی وجہ سے اب آمدنی نہیں ہوسکے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یوکرین کی حکومت کی درخواست کے بعد اب یوکرین میں کسی روسی چینل تک رسائی حاصل نہیں کی جاسکے گی۔
اس سے قبل یوکرین کے ٹیکنالوجی کے وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے نفرت انگیز مواد نشر کرنے والے روسی چینلز کو بلاک کرنے کے لیے یوٹیوب سے رابطہ کیاہے۔
واضح رہے کہ روس نے یوکرین پر 24 فروری کو حملوں کا آغاز کیا جس کے بعد یورپی یونین اور امریکا نے روس پر پابندیاں نافذ کرنے میں پہل کی تاہم اب ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی روس کے اقدام پر اس پر پابندیاں لگارہی ہیں۔
Share this: