حماس:اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایک تربیتی مشق کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں دو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ حکام نے اس حادثے کے بعد اس طرح کی تربیتی مشقیں عارضی طورپر روک دی ہیں۔اسرائیلی وزارت دفاع نے منگل کے روز بتایا کہ اسرائیلی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر شمالی اسرائیل کے ساحلی علاقے میں تربیتی مشق کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس حادثے میں دو پائلٹ ہلاک ہوگئے جبکہ عملے کا تیسرا فرد زخمی ہوگیا۔
فوج نے بتایا کہ زخمی ہونے والے جوان کو حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر سے نکال لیا گیا ہے اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع نے حادثے کی کوئی وجہ فوری طورپر نہیں بتائی۔فوج نے ایک بیان میں بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ کا اٹالیف میری ٹائم ہیلی کاپٹراسرائیل کے شمالی شہر حیفہ میں بحیرہ روم کے ساحل پر حادثے کا شکار ہوگیا۔
اسرائیلی کی ‘اسپیشل فورسز انڈر واٹر مشن یونٹ’ سمیت راحت اور بچاو ٹیموں کو جائے حادثہ پر فوراً بھیجا گیا۔ لیکن وہ دو پائلٹوں کو بچانے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ ان دونوں پائلٹوں کو جائے واقعہ پر ہی مردہ قراردے دیا گیا۔اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے عملے کا تیسرا فرد، جو کہ فضائی آبزرورہے، “درمیانی نوعیت “کا زخمی ہوا ہے۔ انہیں ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اسرائیلی ایئر فورس کے کمانڈر امیکم نارکن نے اس حادثے کے بعد تمام تربیتی مشقوں کو عارضی طور پر بند کردینے کا اعلان کیا۔ فوج نے مزید بتایا کہ ایک اعلی فوجی افسر کو اس “واقعہ” کی تفتیش کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے پائلٹ کے رشتہ داروں کو اس واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ “اسرائیلی دفاعی فورسز متاثرہ کنبوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور ان کی مدد اور تعاون جاری رکھے گی۔”
Share this: