بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے دشت میں گذشتہ دنوں پاکستانی فوج کی پوسٹ پربلوچ آزادی پسندوں کے حملے اور17اہلکاروں کی ہلاکت و پوسٹ پر قبضے کے بعدسیکورٹی فورسز کی جانب سے دشت و گردو نواح میں زمینی وفضائی سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔جس میں فورسز کی طرف سے 3افراد کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا گیاہے۔
لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تربت شہر میں وی آئی پی موومنٹ کے پیش نظر انتہائی سخت سیکورٹی کے انتظامات دیکھے جارہے ہیں۔ اورشہر میں زمینی و فضائی گشت میں حیران کن اضافہ اور سخت چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شہر میں زمینی و فضائی سخت ترین گشت اور انتہائی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اس وقت تربت کے دورے پر ہیں۔
ڈیلی سنگر کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ایک انتہائی وی آئی پی پرسن نیوی ایئرپورٹ سے فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سبدان گئے ہیں اور اس چیک پوسٹ کا فضائی معائنہ کیا ہے جہاں بی ایل ایف کے جان بازوں نے پاکستان آرمی کو ایک فوجی کارروائی کے دوران بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس موومنٹ میں ایک ہیلی کاپٹر کو آرمی کے چار دیگر ہیلی کاپٹر نے اپنی حصار میں لے رکھا تھا جبکہ زمین پر بھی ہر جگہ فوجی اہلکار موجود تھے۔
ایک اہم ذریعہ کے مطابق مذکورہ وی آئی پی پرسن پاکستان آرمی کے سربراہ ہیں جو اس وقت سبدان کا فضائی معائنہ کرنے کے بعد ایف سی ساؤتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر تربت میں موجود ہیں۔