جعفر آباد: تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

ڈیرہ اللہ یار میں تنخواہوں اور کنٹی جنسی کی عدم ادائیگی کے خلاف میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میونسپل ایمپلائیز یونین کے درجنوں ملازمین نے چیف آفیسر سلیم خان ڈومکی صدر شفیع محمد کٹوہر اور حاجی ممتاز علی سومرو کی قیادت سرخ جھنڈے اٹھا کر مظاہرہ کیا۔ میونسپل ایمپلائیز ملازمین کے کام چھوڑ ہڑتال کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سلیم خان ڈومکی، شفیع محمد کٹوہر اور حاجی ممتاز علی سومرو نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات اور فنانس کی جانب سے میونسپل کارپوریشنز اور کمیٹیز کو ماہانہ تنخواہوں اور کنٹی جنسی فنڈز کی فراہمی میں تاخیر سے ملازمین شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی نہیں کر پا رہے آئے روز مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ تین سے چھ ماہ کے بعد کنٹی جنسی فنڈ دیا جاتا ہے لیکن اس میں بھی کٹوتی کی جاتی ہے ہماری مشینری آف روڈ ہو چکی ہے۔ مقررین نے کہا کہ صوبے بھر میں میونسپل کارپوریشنز اور کمیٹیز کے ملازمین کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا جا رہا ہے ہمارے ملازمین ماہانہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے شدید پریشانی اور مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تنخواہیں اور کنٹی جنسی فنڈز کی ادائیگی کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post