جنوبی امریکا کے ایک ملک پیرو میں کھدائی کے دوران رسیوں سے بندھا 800 سال قدیم انسان برآمد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ نے جمعے کو بتایا کہ ان کی ایک ٹیم کو پیرو کے وسطی ساحل پر ایک ممی ملی ہے، جس کی قدامت کا اندازہ کم از کم آٹھ سو سال لگایا گیا ہے۔
سان مارکوس کی اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ماہر آثار قدیمہ وان ڈیلن لونا نے کہا کہ ممی کی بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے پورے جسم کو رسیوں سے باندھا گیا تھا، اور اس نے ہاتھوں سے چہرے کو ڈھانپ رکھا ہے، ہو سکتا ہے کہ اُس وقت مقامی طور پر مردوں کا اسی طرح کفن دفن کیا جاتا ہو۔
ماہرین کے مطابق ممی شدہ باقیات اُس ثقافت سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی تھیں، جو جنوبی امریکی ملک کے ساحل اور پہاڑوں کے درمیان پروان چڑھی تھی۔
ماہر آثار قدیمہ پیٹر وان ڈیلن لونا نے بتایا کہ یہ ممی، جس کی جنس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، لیما کے علاقے میں دریافت ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ باقیات ایک ایسے شخص کی ہیں جو ملک کے اونچے پہاڑی علاقے میں رہتا تھا، اس کی ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کی جائے گی تاکہ زیادہ درست طور پر یہ معلوم ہو کہ یہ کتنی پرانی لاش ہے۔
یہ ممی لیما شہر کے مضافات میں ایک زیر زمین جگہ کے اندر سے ملی تھی، قبر میں مٹی کے برتن، سبزیوں کی باقیات اور پتھر کے اوزار بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پیرو ایک مشہور سیاحتی مقام ماچو پچو کا گھر ہے، سلطنتِ اِنکا سے پہلے اور بعد میں جنم لینے والی ثقافتوں کے سیکڑوں آثار قدیمہ یہاں موجود ہیں، سلطنتِ اِنکا کا 500 سال قبل جنوبی امریکا کے جنوبی حصے پر غلبہ تھا، اور یہ سلطنت جنوبی ایکواڈور اور کولمبیا سے لے کر وسطی چلی تک پھیلی ہوئی ہے ۔