چاغی ایف سی کی سیکیورٹی میں جانے والی مال بردار کانوائے پر نامعلوم مسلح افراد کا حملہ آم سے لدے پانچ مزدا ٹرک اپنے ساتھ لے گئے

 


چاغی ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے چھتر میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے آم سے لدے پانچ مزدا ٹرک اپنے قبضے میں لے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو دو روز تک نوشکی میں سکیورٹی کانوائے کی تشکیل کے انتظار میں روکے رکھا گیا تھا، جس کے بعد فورسز کی نگرانی میں گاڑیوں کو قافلے کی صورت میں روانہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جب قافلہ چاغی کے علاقے چھتر پہنچا تو وہاں نامعلوم مسلح افراد نے کارروائی کرتے ہوئے آم سے لدے پانچ مزدا ٹرک اپنے ساتھ لے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں ایک ایسے کانوائے کا حصہ تھیں جسے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی طرف سے سیکیورٹی فراہم کی جا رہی تھی۔
واقعے کے بعد ٹرانسپورٹرز کہا ہے کہ گاڑیوں کو دو دن تک نوشکی میں کانوائے کی تشکیل کے نام پر روکے رکھا گیا، تاہم جب انہیں سکیورٹی کے ساتھ روانہ کیا گیا تو پھر بھی راستے میں مسلح افراد گاڑیاں لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔
متاثرین کا مؤقف ہے کہ اگر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر محدود کیا گیا تھا تو پھر یہ واضح ہونا چاہیے کہ مسلح افراد قافلے کے اندر شامل گاڑیوں تک کیسے پہنچے اور انہیں اپنے ساتھ لے جانے میں کیسے کامیاب ہوئے۔
تاحال کسی تنظیم نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ناہی واقعے کی مزید تفصیلات اور سرکاری موقف سامنے آیا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post