تربت:تربت پریس کلب سے دن دہاڑے موٹر سائیکل چوری، صحافیوں کا احتجاج اعلان

 


تربت ( نامہ نگار )  پریس کلب کے احاطے سے دن دہاڑے موٹر سائیکل چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس نے شہر میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ واقعہ تربت سٹی تھانہ سے محض چند میٹر کے فاصلے پر، شہر کے انتہائی رش والے علاقے میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم چور تربت پریس کلب کے اندر سے ایک صحافی کی موٹر سائیکل لے اڑے، تاہم تاحال موٹر سائیکل برآمد نہیں ہو سکی۔ اس واقعے کو شہر کے حساس اور محفوظ سمجھے جانے والے مقام سے جوڑا جا رہا ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

شہر میں آئے روز چوری کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کی جان و مال کو غیر محفوظ بنا دیا ہے، جبکہ صحافی برادری نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

موٹر سائیکل کی عدم برآمدگی کے خلاف صحافیوں نے کل سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے موٹر سائیکل برآمد گی کو یقینی بنایا جائے۔ یادرہیکہ اس سے قبل بھی پریس کلب سے دو موٹر سائیکل چوری ہوچکے ہیں،آج کا واقعہ تیسرا واقعہ ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post