موسی خیل ( نامہ نگار ) بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں خسرہ کی ہولناک وبا نے شدت اختیار کر لی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 10 معصوم بچے اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ یہ صورتحال علاقے میں شدید تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں خسرہ سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی شدید قلت ہے، جبکہ صحت کے حکومتی اداروں کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔ اس غیر یقینی صورتحال پر والدین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کی جائے، موبائل میڈیکل ٹیمیں بھیجی جائیں اور ویکسینیشن کی ایک ہنگامی مہم شروع کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔
