قلات ،گوادر ( بلوچستان ٹوڈے) مقبوضہ بلوچستان کے قلات اور گوادر میں پاکستانی فورسز کی فوجی آپریشن جاری ۔
تفصیل کے مطابق قلات کے علاقے مہلبی اور اس کے گردونواح میں فوجی آپریشن کا سلسلہ جا ری ہے، جس میں ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق آج صبح سویرے ہیلی کاپٹروں کی پروازیں دیکھی گئیں ،جبکہ زمینی فوجی نقل و حرکت میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
تاحال حکام کی جانب سے آپریشن کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی گرفتاری یا جانی نقصان کی اطلاع ملی ہیں ۔
اس طرح گوادر کے علاقوں کلانچ، کنڈا سول، تنک، دڑامب اور ملحقہ علاقوں میں بھی فوجی آپریشن کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں فورسز کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے، جس سے فوجی آپریشن کا خدشہ ہے۔
ضلع سوراب میں بھی منگل کی صبح سے پاکستانی فورسز نے ایک وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن کا آغاز کیا ہے، جس میں مقامی ذرائع کے مطابق ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان بھی شامل ہیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علی الصبح فوجی گاڑیوں اور پیدل اہلکاروں نے سوراب کے مختلف علاقوں، بشمول کلی نور آباد، میں داخل ہو کر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فورسز نے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو گھروں سے نکال کر مکمل تلاشی لی، جبکہ سادہ لباس میں ملبوس افراد، جنہیں مقامی طور پر ڈیتھ اسکواڈ سے منسلک سمجھا جاتا ہے، بھی آپریشن میں شریک تھے۔
تاحال حکام کی جانب سے اس کارروائی پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔