قلات (مانیٹرنگ ڈیسک)قلات میں پیر کے روز آل پارٹیز کی کال پر واپڈا کے مبینہ طور پر غیر منصفانہ اور زائد بجلی بلز کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے دوران شہر کی تمام مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں جبکہ بازاروں میں سناٹا چھایا رہا۔ عوامی ردِعمل کے باعث شہر کی تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں۔
ہڑتال سے قبل گزشتہ روز آل پارٹیز کے پلیٹ فارم سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا، جس میں بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ مظاہرین نے واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکام سے فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قلات کے عوام کو بجلی کے بلز دوگنے کر کے بھجوائے جا رہے ہیں، جو عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں بجلی بلز کی مد میں عام شہریوں پر بھاری مالی بوجھ ڈال دیا گیا ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ اگر واپڈا نے اپنے رویے میں تبدیلی نہ کی اور ناجائز بلز واپس نہ لئے تو احتجاجی تحریک مزید سخت کی جائے گی۔
ادھر ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلتی رہی تاہم بازاروں اور کاروباری مراکز کی بندش نے شہر کی فضا کو سنجیدہ اور کشیدہ بنائے رکھا۔ شہریوں نے بھی شکایت کی کہ واپڈا بلز ان کی استطاعت سے باہر ہیں اور وہ بل ادا کرنے کے قابل نہیں رہے۔