لورالائی میں فائرنگ کا واقعہ، دو افراد جاں بحق، لڑکی ساتھ لےگئے

 


لورالائی ( نمائندہ خصوصی ) ڈیرہ روڈ شیر جان کڈی کلی درگئی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نیک محمد ولد نیاز محمد قوم لونی عمر 46 سال ساکن کلی لاڈو نانا صاحب زیارت دکی اور نصیب اللہ ولد داد محمد قوم لونی کے ناموں سے ہوئی ہے لاشوں کو ٹیچنگ ہسپتال لورالائی منتقل کردیا گیا ہے

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی اور لڑکی کے تنازعے کا شاخسانہ ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتولین آج عدالت میں پیشی کے بعد واپسی پر کلی ڈیلی جارہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا

واقعہ کے دوران ایک جوان لڑکی بھی مقتولین کے ہمراہ تھی، جسے فائرنگ کرنے والا گروہ اپنے ساتھ لے گیا جبکہ مقتولین کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔

سکیورٹی فورسز اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post