آواران ،پنجگور ( ویب ڈیسک ) آواران میں پاکستانی فورسز اور پنجگور میں ڈیتھ اسکوائڈ کارندوں کے ٹھکانے پر فائنرگ بم حملہ ۔ تفصیلات کے مطابق آواران میں مسلح افراد نے سڑک تعمیر کرنے والوں کی حفاظت پر مامور پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو اس وقت بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جب وہ سڑک کے کام کی نگرانی پر مامور تھے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے آج دوپہر کولواہ کے علاقے مالار مچی کے مقام پر فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں فورسز کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
حملے کے دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
علاوہ ازیں گزشتہ شب دو بجے کے قریب پنجگور کے علاقے خدابادان میں زور دار دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ حملہ سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ کے سرغنہ فرحان کے ٹھکانے پر کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران علاقے میں متعدد دھماکوں کے بعد فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق اس حملے میں جانی نقصانات کی اطلاعات ہیں تاہم سرکاری حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔