کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کےگلستان بازار میں دھماکےکے باعث4 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق دھماکا جبار مارکیٹ کے قریب ایف سی کیمپ پر ہوا، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہےکہ دھماکے سے جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں گرگئیں، دھماکے کے باعث کئی دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض خان کے مطابق دھماکے میں4 افراد شہید ہوئےہیں جب کہ 20 افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ایف سی قلعےکی عقبی دیوار کے ساتھ مارکیٹ بھی ہے، دھماکے کے بعد مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔
دوسری جانب تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی اُن کے جاری “الخندق آپریشن” کا حصہ ہے۔
تنظیم کے مطابق، حملہ آوروں نے فوجی قلعے کو خودکش موٹر بم سے نشانہ بنایا اور بعد ازاں مسلح افراد قلعے میں داخل ہو گئے جہاں ان کی فورسز سے جھڑپ جاری ہے۔
ٹی ٹی پی کے مطابق، اس حملے کا مقصد “دشمن کے گڑھوں کو نیست و نابود کرنا” اور ان کے بقول “شہداء کے خون کا بدلہ لینا” ہے۔
سرکاری سطح پر اس واقعے کی تاحال تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔