بولان ،قلات ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں واقع پولیس لائن کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب پولیس لائن پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم دھماکے کے نتیجے میں پولیس لائن میں کھڑا واٹر ٹینکر جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ناہی حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔
علاوہ ازیں قلات کے علاقے خزینئی، منگوچر میں بڑی تعداد میں مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ کو بند کرے ناکہ بندی کی ہے ۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے سیندک منصوبے کی سپلائی گاڑیوں پر راکٹ لانچر اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ مسلح افراد کی جانب سے گاڑیوں اور بسوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری ہے تاہم ابتدائی معلومات آنے تک کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے ۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران اس نوعیت کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رواں سال فروری میں بھی منگچر شہر میں مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے سیندک منصوبے کی گاڑیوں کو حملے میں نشانہ بنایا، حملے میں منصوبے کی گیارہ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ انہیں سیکورٹی فراہم کرنے والی فورسز کی گاڑیوں کو بم دھماکے اور مسلح حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ مذکورہ حملے کی ذمہ بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔
آج ہونے والی کاروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔