صحبت پور ،ڈیرہ مراد جمالی میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق،خاتون کی لاش برآمد

 


کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان کے علاقے صحبت پور میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

صحبت پور میں سال نو کے پہلے دن زمین کے تنازع پرفائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

صحبت پور کے علاقے کھالانی میں زرعی زمین کے تنازع پر کھوسہ قبیلے کے دو طائفوں چھٹانی اور مانجھانی کے مابین لڑائی ہوگئی۔

فریقین کے مسلح افراد نے مورچہ زن ہو کر ایک دوسرے پر جدید اور خودکار اسلحہ سے فائرنگ کردی جسکے باعث علاقہ جنگ کا میدان بن گیا۔

پولیس کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے مانجھانی گروپ کے تین بزگر منظور حسین، حق نواز اور غلام حسین جنکا تعلق لاشاری قبیلے سے بتایا جا رہا ہے ہلاک ہوگئے جبکہ موج الدین اور عبدالمجید کھوسہ سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

فریقین کے مابین کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوع پہنچ کر فائربندی کرائی اور لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی میں ایک خاتون کی لاش پٹ فیڈر کینال سے برآمدہوئی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ خاتون کو دو ہفتے قبل ڈیرہ مراد جمالی میں اس کے منگیتر نے قتل کر دیا تھا۔

خاتون کی لاش پٹ فیڈر کینال بیدار پل کے قریب نہر سے ملی ہے سٹی پولیس نے لاش کو نہر سے نکال لیا۔

پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے سیول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کر دیا گیا ۔

Post a Comment

Previous Post Next Post