پنجگور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تیس ستمبر کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں جبری گمشدہ ہونے والے دو سگے بھائی صابر نور اور عابد نور کی عدم بازیابی کے خلاف لواحقین کی جانب سے ریلی نکالی اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دے دیا ۔
احتجاجی ریلی میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے جبری گمشدگی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور دونوں بھائیوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا ۔
مظاہرین نے کہاکہ آج 16 دن ہوگئے ہیں صابر نور اور عابد نور بغیر کسی جرم کے ریاستی ٹارچر سیلوں میں جبر برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 16 دنوں میں ریاست عابد اور صابر کی فیملی سے مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بولتے آرہے ہیں، پہلے کہا گیا کہ 24 گھنٹے کے اندر اندر دونوں بھائیوں کو رہا کیا جائے گا، اس کے بعد ہر روز دوسرے دن کا وعدہ کیا لیکن ابھی تک دونوں بھائی لاپتہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج خاندان کو مجبوراً ڈی سی دفتر کے سامنے دھرنا دینا پڑ رہا ہے، پنجگور کے عوام سے درخواست ہے کہ دھرنے میں شریک ہوکر عابد اور صابر سمیت دیگر تمام لاپتہ افراد کی رہائی کیلئے آواز اٹھائیں۔
آپ کو علم ہے لواحقین کی جانب سے دونوں بھائیوں کی جبری گمشدگی کے خلاف اس سے قبل دھرنا دے کر سی پیک روڈ کو ہر طرح کی آمد رفت کے لئے بند کردیا گیا تھا۔
بعدازاں شرکاء اور حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد دھرنا موخر کیا گیا، حکام نے مذاکرات کے دوران کہا تھا کہ چوبیس گھنٹے کے دوران دونوں بھائیوں کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے گا تاہم دونوں بھائی ابتک بازیاب نہ ہوسکے۔