کوئٹہ حوالات میں پولیس نے قیدی کو موت کے گھاٹ اتاردیا ، چمن میں لیویز کی فائرنگ ،شاہراہ بند ، اوستہ محمد خاتون آشنا سمیت قتل ،بولان 7 افراد زخمی

 


کوئٹہ توہین رسالت کے الزام میں گرفتار ملزم کو پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق توہین رسالت کے الزام میں ایک شخص کو گزشتہ روز اسپینی روڈ سے گرفتار کر کے خروٹ آباد تھانے منتقل کیا گیا تھا، تھانے میں بند ملزم کو پولیس اہلکار نے گولی مار دی جس سے اس کی ہلاکت ہو گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حوالات میں ہلاک کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ادھر چمن میں این 50 قومی شاہراہ پر پک اپ گاڑی پر لیویز چیک پوسٹ اہلکاروں نے فائرنگ کی۔واقعے کے خلاف ڈرائیورز نے احتجاج کرتے ہوئے شال ژوب شاہراہ کو زیارت کراس پر بند کردیا۔ مال بردار اور مسافر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

بلوچستان کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ ٹریفک معطل ہوگئی۔انچارج لیویز زیارت کراس پوسٹ کا کہنا ہے کہ پک اپ گاڑیوں میں ایرانی ڈیزل سمگل کیاجارہا تھا، گاڑیاں نہ رکنے پر ٹائروں پر فائرنگ کی،  شاہراہ کھولنے کے لئے لیویزکی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے ۔

علاوہ ازیں اوستہ محمد سیاہ کاری کے الزام میں باپ نے اپنی بیٹی اور اوراس کے آشنا کو قتل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے علاقہ لیویز تھانہ بارہجہ میں علی شیر مگسی نے اپنی بیٹی مسما فرزانہ کو اس کے مبینہ آشناحسین بخش مگسی کے ساتھ سیاہ کاری کے الزام فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور قتل کر نے کے بعدفرار ہوگیا۔

اطلاع ملتے ہی لیویز فورس موقع پر پہنچ کر نعشوں کو قبضہ میں لیکر ہسپتال روانہ کیااور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔جبکہ نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے ہوالے کیا گیا،جوں ہی نعشیں گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ 

دریں اثناء بولان کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی کھائی میں گرنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے ۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بولان کے علاقے میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث سڑکوں کی حالت زار خراب ہونے کے باعث تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گر گئی ۔

 جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ 


Post a Comment

Previous Post Next Post