میران شاہ تفصیلات کے مطابق قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقے مچی خیل غنڈئی سر چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے حملہ کیا ۔
حملے کے نتیجے میں متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے ۔
حملے کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند گروپ "حافظ گل بھادر گروپ" نے قبول کی ہے اور سیکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے ۔
مذکورہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے کہ گذشتہ دنوں جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے افغانستان کا دورہ کیا جہاں اہم موضوعات کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں بد امنی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔
یاد رہے کہ حافظ گلبھادر گروپ زیادہ تر حملے شمالی وزیرستان اور وہاں سے ملحقہ علاقوں میں کرتے آئے ہیں اور کئی بار خونریز حملے بھی کرچکے ہیں جس میں سیکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے،
حافظ گلبھادر گروپ ٹی ٹی پی اور جماعت الاحرار کے بعد پاکستان کے بڑے شدت پسند گروپ میں شمار کیا جاتا ہے ۔
