نیپال کے مغربی علاقے جاجرکوٹ میں 7.5 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 128 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے جبکہ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئے ۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ نیپال میں 7.5 شدت کے زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو سے 250 میل شمال مشرق میں واقع تھا، جس کی گہرائی 11 میل ریکارڈ کی گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ابتدائی طور پر نیپالی زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 4.6 بتائی تھی تاہم جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے شدت 7.5 بتائی جبکہ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، کئی عمارتوں اور انفرا اسٹر کچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ وہ دارالحکومت کھٹمنڈو سے 500 کلومیٹر مغرب میں زلزلے کے مرکز کے قریب پہاڑی علاقے میں رابطہ قائم کرنے میں ناکام ہو ر ہے ہیں، جہاں زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کئے گئے تھے۔ اس ضلع کی آبادی1 لاکھ 90 ہزار ہے جس کے گائوں دور دراز پہاڑیوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے بھارت میں بھی محسوس کئے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے بھارت میں دہلی سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ خیال رہے کہ نیپال میں 2015 میں 8.7 شدت کے زلزلے میں 9000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔