شہدائے مرگاپ کی یاد میں برطانیہ میں ریفرنس: ہمیں فخر ہے کہ ہم شہید غلام محمد کے پیروکار ہیں




پیٹربورو : ہمیں فخر ہے کہ ہم شہید غلام محمد کے پیروکار ہیں۔ غلام محمد اور آپ کے ساتھیوں نے بلوچ گلزمین کی آزادی کے لیے قربانی دی اور امر ہوگئے۔


ان خیالات کا اظہار شہدائے مرگاپ کی یاد میں بلوچ نیشنل موومنٹ یوکے چیپٹر کے پیٹربورو یونٹ کی طرف سے منعقدہ ایک یادگاری نشست سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کیا۔


انھوں نے کہا آج قابض دشمن نے مادر وطن میں ہر سیاسی و سماجی کارکن پر پابندی عائد کی ہے۔اس کے باوجود بلوچ نوجوان ، بزرگ اور خواتین سمیت ہر شخص اپنی بساط کے مطابق اپنی آزادی  کے لیے جدوجہد کر رہا ہے ۔ جبکہ دوسری جانب ڈائسپورا میں سیاسی ورکر دنیا کو یہ بتانے میں کامیاب ہوچکے ہیں کہ بلوچ اپنے آزاد وطن کے طلبگار ہیں جو ان کا بنیادی و انسانی حق ہے۔ 


انھوں نے اس بات کو مسترد کیا  کہ بلوچ پاکستانی پارلیمانی سیاست سے اپنے مفادات حاصل  کرسکتے ہیں، انھوں نے کہا آج بلوچ گلزمین میں عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اس کی وجہ صرف بلوچ قومی غلامی ہے۔ان حالات میں بھی کچھ افراد پاکستانی فوج کے سہولت کار بن کر بلوچ اور بلوچستان کے مسئلے کا حل روڈ اور روزگار کی فراہمی میں ڈھونڈ رہے ہیں۔ ’’ وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔‘‘


ان کا کہنا تھا غلام محمد اور آپ کے ساتھیوں کی شہادت سے بلوچ قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ آج ہزاروں کی تعداد میں بلوچ فرزند غلام محمد  کی پیروی کرتے ہوئے پرامن جدوجہد ، مسلح مزاحمت اور دیگر طریقے سے غلامی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ’’ وہ دن دور نہیں کہ شہداء کے وارث اپنے وطن کو دشمن کے چنگل سے آزاد کرنے میں کامیاب ہوں گے۔‘‘


مذکورہ ریفرنس کی صدارت بی این ایم پیٹربورو یونٹ کے سیکریٹری ریحان بلوچ نے کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی بی این ایم کے جونیئر جوائنٹ سیکرٹری حسن دوست بلوچ جبکہ اعزازی مہمان بی این ایم کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر نیاز بلوچ تھے۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈپٹی یونٹ سیکرٹری ہارون بلوچ نے سرانجام دی۔ ریفرنس کا آغاز حسب روایات شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post