کیچ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مکران اور کیچ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مہنگائی، بارڈر میگا کرپشن کے خلاف سنیئر وکلاء محراب خان گچکی ایڈووکیٹ، عبدالمجید شاہ ایڈووکیٹ، مہراللہ گچکی ایڈووکیٹ کی قیادت میں احتجاجی ریلی تربت پریس کلب سے لیکر فدا شہید چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، جہاں پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرہ میں آل پارٹیز کیچ، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن، سکول ٹیکسی یونین ودیگر جماعتوں اورتنظیموں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مظاہرہ سے سنیئر وکلاء نے خطاب کرتے ہوئے بارڈر میگاکرپشن اورمہنگائی کے خلاف احتجاج کو مکران سمیت بلوچستان بھر میں وکلاء تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں کی مشاورت سے وسعت دیاجائے گا کیونکہ بارڈرمیگاکرپشن کی وجہ سے یہاں کے عوام کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں، بارڈر ایریا ہونے کے باوجودیہاں کے عوام کوکسی قسم کاکوئی ریلیف نہیں مل رہاہے بلکہ چند سرکاری افسران عوام کو بے دریغ لوٹنے میں مصروف ہیں۔
بی این پی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور ضلع کونسل کیچ کے نومنتخب ممبر باہڑ جمیل دشتی ایڈووکیٹ، نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر مشکور انور، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنما اکبر علی اکبر، حق دو تحریک کے یعقوب جوسکی، جماعت اسلامی کے رہنما غلام یاسین، پروفیسر اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن کے رہنماحافظ عبدالباقی، اسکول ٹیکسی یونین کے رہنما نے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے بارڈر ٹریڈ میگاکرپشن کے خلاف وکلاء تنظیموں کے ساتھ شانہ بشانہ جدوجہد کی یقین دہانی کرائی۔
احتجاج کے آخر میں کیچ بار کے صدر مہر اللہ گچکی ایڈووکیٹ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ احتجاج ایک ریلی کی شکل میں مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے اختتام پزیر ہوا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر بارڈر میگاکرپشن، پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے خلاف مطالبات درج تھے۔
مظاہرین نے بلوچستان حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی، ٹوکن سسٹم اور غریب گاڑی والوں کو لین کے نام پر 2،2لاکھ روپے فی زمباد گاڑی وصول کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ٹوکن سسٹم کوفی الفور ختم کرکے غریب گاڑی والوں کامعاشی قتل بند کرنے کامطالبہ بھی کیاگیا