کوئٹہ (نامہ نگار ) بلوچستان کے مشرقی اضلاع بارکھان، موسی خیل، شیرانی اور سرحدی پہاڑی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ، ہرنائی میں دو مقامات پر رابطہ پل اور دیہی علاقوں میں سیلابی بند ریلوں میں بہہ گئے جبکہ متعدد گھر بھی سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔ شیرانی کے پہاڑی علاقوں میں بارش کی وجہ سے برساتی نالے بپھرنے سے خیبرپختونخوا کے ساتھ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔ دوسری جانب موسی خیل میں بارشوں کے بعد سیلابی منظر ہے، بارکھان کی گلیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور پانی کا بہاو تیز ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں پری مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہورہی ہیں۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک میں جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے
