مردان: مردان چارسدہ چوک عجائب گھر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی خواجہ سرا کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک جوانسال خواجہ سرا جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خواجہ سراوں کو قتل کر نے کا یہ دوسرا واقعہ ہے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہو نے والے خواجہ سرا سلمان عرف وڑہ نے تھانہ صدر میں روپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں صادق عرف کوکونٹ اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کشمیریان کلے منگا میں محفل موسیقی کے اپنے چارسدہ چوک میں واقع اپنے ڈیرے کی طرف آرہے تھے کہ مردان عجائب گھر کے قریب دو موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کھول دی۔
گولیاں لگنے سے صادق عرف کوکونٹ سکنہ رحیم آباد سوات موقع پرجاں بحق جبکہ وہ خود زخمی ہو گئے ملزمان ارتکاب جرم کے بعد بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خواجہ سراوں پر فائرنگ کا یہ تیسر ا واقعہ ہے تھانہ صدر نے نا معلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر دیا ہے۔