کوئٹہ:بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جنرل باڈی نے پیکا آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیکا آرڈیننس کے خلاف لائی جانے والی قرارداد سے قبل تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مبین خلجی کی جانب سے دانستہ کورم کی نشاندہی کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اسمبلی کوریج کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جنرل باڈی کا اجلاس زیر صدارت بی یو جے کے صدر عرفان سعید منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے نافذ کئے جانے والے پیکا آرڈیننس کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کے حوالے سے جنرل باڈی کے ممبران کو آگاہ کیا گیا اور گزشتہ روز ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی کوریج سے بائیکاٹ اور احتجاج سے بھی ممبران کو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں جنرل باڈی کے ممبران نے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی و صوبائی وزیر مبین خان خلجی کی جانب سے دانستہ بلوچستان اسمبلی میں کورم کی نشاندہی کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز صحافیوں کے بائیکاٹ کے بعد حکومتی و اپوزیشن اراکین نے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی ہدایت پر صحافیوں سے بائیکاٹ ختم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیکا آرڈیننس کے خلاف قرارداد لائیں گے اپوزیشن اراکین کی یقین دہانی پر صحافیوں نے اسمبلی اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے دوبارہ اسمبلی کے ایوان میں چلے گئے اس دوران اپوزیشن اراکین نے ڈپٹی اسپیکر سے قرارداد پیش کرنے کی اجازت طلب کی چونکہ پہلے سے پیش کی گئی ایک قرار داد پر بحث جاری تھی ڈپٹی اسپیکر نے اس قرار داد پر بحث سمٹ جانے کے بعد قرار داد پیش کرنے کا کہا تاہم اس دوران تحریک انصاف کے رکن اسمبلی و صوبائی وزیر مبین خان خلجی نے دانستہ طور پر اجلاس میں کورم کی نشاندہی کرکے لائی جانے والی قرارداد کو بلڈوز کیا۔بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے ان کے اس رویے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج آزادی اظہار رائے پر قدغن کے خلاف ہے اس سے کوئی ایک طبقہ متاثر نہیں ہوگا بلکہ ملک میں آئین‘ جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتیں اور مکاتب فکر متاثر ہوں گے، اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی و صوبائی وزیر مبین خان خلجی کے اس رویے کے خلاف بلوچستان یونین آف جرنلسٹس آئندہ اسمبلی کے اجلاس میں ان کی میڈیا کوریج کا مکمل طورپر بائیکاٹ کر ے گی۔
Share this