یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف اور یوکرین کی حمایت میں جرمنی کے دارالحکومت برلن میں احتجاج کیا جا رہا ہے اور پولیس کے مطابق اس میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہیں۔
دوسری جانب جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے ملک کے دفاعی بجٹ میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
جرمنی کے پارلیمان سے خطاب میں چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ اس برس ملک کے دفاعی بجٹ میں 100 ارب یورو (113 ارب ڈالر) کا اضافہ کیا جائے گا۔
جرمنی کے چانسلر نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ دنیا ’ایک نئے دور‘ میں داخل ہو چکی ہے اور ’پیوتن کی جارحیت کا اس کے علاوہ کوئی جواب نہیں ہو سکتا۔‘
واضح رہے کہ اس ہفتے کے آغاز میں جرمنی نے اس بات کی تصدیق بھی کی تھی کہ وہ ایک ہزار توپ شکن ٹینک اور 500 سٹنگر میزائل یوکرین بھیجے گا۔