یوکرین کے مطابق جمعرات کو روسی فوج کے حملے شروع ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر کم از کم 40 ہلاکتیں ہوئیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق صدر ولودی میر زیلنسکی کے مشیر اولیکسی آرسٹیووچ نے جمعرات کو بتایا کہ کئی درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں یا نہیں۔
دوسری جانب صدر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ دشمن کو جنگ میں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
خبررساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر زیلنسکی نے جمعرات کو اپنی شہریوں سے کہا کہ جو روسی افواج کے خلاف ملکی دفاع کے لیے لڑنا چاہتا ہے اسے ہتھیار فراہم کیے جائیں گے۔
روس نے جمعرات کو زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے یوکرین پر ہمہ گیر حملہ کیا جو دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں ایک ریاست کا دوسری ریاست کے خلاف سب سے بڑا حملہ ہے۔
صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین نے حملے کے بعد روس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔