پاکستان کے سامنے شکست سے دلبرداشتہ ہوکر افغان کرکٹر مستعفی
ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے سامنے افغانستان کی شکست سے دلبرداشتہ ہوکر افغان کرکٹر اصغر افغان وقت سے پہلے مستعفی ہوگئے۔
اصغر افغان نے اپنے کیریئر کا آخری میچ آج ابوظبی میں نمیبیا کے سامنے کھیلا۔
اننگز کے اختتام پر اصغر افغان کا کہنا تھا کہ ’میں نوجوانوں کو مواقع دینا چاہتا ہوں میرے خیال سے اس کا اب اچھا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ اب کیوں لیکن یہ ایسی بات ہے جس کی میں وضاحت نہیں کر سکتا۔
اصغر افغان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ میچ میں مجھے بہت تکلیف پہنچی۔ اس لیے میں نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا میرے لیے یہ مشکل ہے مگر مجھے ریٹائر ہونا پڑے گا۔‘
کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں آج ابوظہبی کے میدان میں افغانستان اور نمیبیا کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نمیبیا کو 161 رنز کا ہدف دیا ہے۔
گروپ ٹو میں افغانستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں جن میں سے پہلے میچ میں اسے سکاٹ لینڈ کے خلاف فتح جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔