کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار کے رہائشیوں نے جمعہ کو فوڈ اتھارٹی کے نامناسب رویئے اور فصلوں کو تلف کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین سے زمیندار ایکشن کمیٹی ومرکزی جوائنٹ سیکرٹری انجمن تاجران بلوچستان حاجی ظہور کاکڑ،حاجی بشیر خان،حاجی اجمل کاکڑ،حاجی خان کاکڑ،حاجی طور جان نورزئی،حاجی راز محمد پوپلزئی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوحصار میں زمینداروں نے صاف پانی سے سبزیاں اوردیگر فصلیں کاشت کر رکھی ہیں جنہیں فوڈ اتھارٹی کے عملے نے بغیر کسی وجہ کے تلف کردیا جس سے زمینداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے اہلکار زمینداروں کو بلاوجہ تنگ کرتے ہیں اوران سے رشوت طلب کرتے ہیں رشوت نہ دینے پر فوڈ اتھارٹی کی عملے کی انب سے ہماری صاف پانی سے اگائی جانے والی فصلوں کو جان بوجھ کر تلف کیا جاتا ہے صوبائی حکومت فوری اسکا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کوئٹہ شہر میں گندے پانے سے اگائی جانے والی سبزیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے یہاں آکر نوحصار کے زمینداروں کو تنگ کرتے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوحصار میں ہمارے پاس 50سے زیادہ ٹیوب ویل ہیں جس کا باقاعدہ کیسکو کو بل ادا کرتے ہیں اوران ٹیوب ویلو ں سے حاصل کرنے والے پانی سے سبزیاں اور دیگر فصلیں کاشت کرتے ہیں۔
Share this: