خیبرپختونخوا: مسلح حملوں میں پاکستانی فوج کے آٹھ اہلکار ہلاک
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو روز کے دوران سرحد پار سے حملے، گھات لگا کر حملہ اور بم دھماکوں میں چار فوجیوں سمیت آٹھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
فوج کے میڈیا ونگ، انٹر سروسز کے مطابق، افغانستان کے اندر سے مسلح افراد نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب قبائلی ضلع کرم میں پاک افغان سرحد کے ساتھ باڑ کو عبور کرنے کی کوشش کی تو فوجیوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد علی اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف ہلاک ہوگئے ۔
جبکہ منگل کی رات لکی مروت کو میانوالی سے ملانے والی مصروف سڑک پر نامعلوم افراد نے ایک گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں چار پولیس کانسٹیبل ہلاک ہو گئے۔