کوئٹہ ( پریس ریلیز ) بلوچستان ہائی کورٹ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڈین دشتی ایڈووکیٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں بی این پی کی مرکزی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور سابق ناظم خضدار سردار نصیر احمد موسانی کے خاندان کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے 10 جون کو صوبہ بھر میں دی گئی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بی این پی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بلوچستان بار کونسل کی جانب سے بلوچستان نیشنل پارٹی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔ شرکاء نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انصاف اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے بلوچستان بار کونسل کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
