صوبے قندوز کی مسجد میں بم دھماکے میں 33 افراد ہلاک، 43 زخمی

قندوز (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب میں ایک مسجد میں دھماکے میں 33 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے ہیں۔ صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب کے پولیس چیف حافظ عمر نے بتایا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ضلع کی مولوی سکندر مسجد میں ہوا۔ طالبان کے ترجمان بلال کریمی نے بچوں سمیت 33 افراد کی ہلاکت اور 43 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم تاحال کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ اس سے قبل، قندوز میں صحت عامہ کے سربراہ نجیب اللہ ساحل نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ دھماکہ ایک صوفی مسجد میں ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر نمازی تھے جو نماز کے بعد ذکر کے لیے جمع ہوئے تھے۔ آج افغانستان میں اس دھماکے کے علاوہ دارالحکومت کابل میں دارالامان روڈ پر وزارت تجارت کے قریب دھماکہ ہوا تھا۔ کابل کے پولیس چیف کے ترجمان خالد زدران نے بی بی سی پشتو سروس کو بتایا کہ دھماکے میں ایک شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ گذشتہ روز مزارِ شریف میں ایک شیعہ مسجد میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 87 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ (داعش) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ طالبان نے مزار شریف دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کو پکڑنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ افغانستان میں گذشتہ روز چار دھماکے ہوئے تھے جن میں سے ایک قندوز جبکہ ایک پولیس سٹیشن کے پاس ایک گاڑی میں ہوا تھا جس میں چار افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے تھے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post